Local

بلوچستان میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے نو مسافروں کو بسوں سے اتار کر قتل کر دیا گیا

بلوچستان میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے نو مسافروں کو بسوں سے اتار کر قتل کر دیا گیا

بلوچستان میں نامعلوم مسلح افراد نے ضلع ژوب کے علاقے میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے نو مسافروں کو بسوں سے اتار کر قتل کر دیا ہے۔ ان مسافروں کو بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سے پنجاب جانے والی دو مسافر بسوں سے اتارا گیا تھا۔

اسسٹنٹ کمشنر ژوب نوید عالم نے نو مسافروں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ قتل کیے جانے والے افراد کی لاشوں کو پنجاب بھجوانے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

بسوں سے مسافروں کو اتارنے اور قتل کا واقعہ جمعرات کی شام اس علاقے میں پیش آیا جہاں سرکاری حکام کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے ناکہ بندی کر رکھی تھی۔ فون پر رابطہ کرنے پر اسسٹنٹ کمشنر ژوب نوید عالم نے بتایا کہ نو مسافروں کی لاشوں کو برآمد کرلیا گیا ہے جن کا تعلق پنجاب کے مختلف علاقوں سے ہے۔

سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ نامعلوم مسلح افراد نے سرہ ڈھاکئی میں ناکہ بندی کی تھی جہاں مجموعی طور پردو بسوں سے نو مسافروں کو اتارا گیا۔

دریں اثنا، حکومت بلوچستان کے ترجمان شاہد رند نے ایک بیان میں کہا ہے کہ شدت پسندوں نے قلات، مستونگ اور ژوب کے علاقے سرہ ڈھاکئی میں حملے کیے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ تینوں مقامات پر سکیورٹی فورسز نے فوری اور بھرپور رسپانس دیا، عوام کی جان، مال اور املاک کی حفاظت کے لیے فورسز مکمل طور پر الرٹ ہیں۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button